حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی حیدرآباد کے سینئر رہنما عبدالمنان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی کراچی آمد پر وزیر اعلیٰ سندھ کو نہ بلانا بدنیتی پر مبنی ہے وزیر اعلی اپنے صوبے کا چیف ہوتا ہے ان کی غیر موجودگی میں اپنی پارٹی اور اتحادیوں کو بلاکر سندھ کے لیے کوئی فیصلے کیے جاتے ہیں تو وہ غیر آئینی ہیں، اس کے لیے انہیں اعتماد میں لینا ضروری ہے کیونکہ یہ ان کا آئینی، جمہوری حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو جمہوریت کی بات کرنے والے جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے چہیتے بیان دے رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ پر کیس ہیں، وہ ختم کرائیں پھر انہیں وزیراعظم سے ملنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی جمہوریت کا مذاق اڑانا نہیں چاہتی۔