صابر قائمخانی کی سربراہی میں علما کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو سے ملاقات

58

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی کی سربراہی میں علما کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن سے حیسکو ہیڈکوارٹر حیدرآباد میں ماہ مبارک ربیع الاول، میلادالنیﷺ کے سلسلے میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ملاقات کی۔ وفد میں مفتی عظمت علی شاہ خطیب جامع مسجدلطیف آباد، جنرل سیکرٹری اکرم قریشی انجمن فدائیان رسول، اشفاق علی، جواد رضا برکاتی، عزیز الرحمن، جاوید علی شیخ اور انجینئروسیم احمد شامل تھے۔ میٹنگ میں خصوصی طور پر 12 ربیع الاول کے دن بجلی کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کے انتظامات زیر بحث لائے گئے۔ اس مو قع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر رحم علی اوٹھو نے مکمل یقین دہانی کرائی کہ 12 ربیع الاول کے دوران بجلی کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظاما ت مکمل کرلیے گئے ہیں اور تمام سب ڈویژن، ڈویژنوں میں تکنیکی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ میلادالنبیﷺ کی تقریبات میں بجلی سے متعلق کسی بھی قسم کی پریشانی نہ آسکے۔ خصوصاً 12 ربیع الاول کے دن بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جس کی مانیٹرنگ ہم خود کریں گے اور میلاد کمیٹیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حیسکو چیف نے عوام، صارفین سے اپیل کی ہے کہ ان بابرکت دنوں میں بجلی کے غیر ضروری چراغاں اور بجلی چوری سے گریز کریں تاکہ اس مبارک ماہ کے بابرکت دنوں میں میلاد مصطفیٰﷺ کے پروگراموں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔