موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں

40

پشاور(وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں آئی ایم ایف کی ایما پر مزید اضافہ کرکے حکمران قوم کو بغاوت پر مجبور کررہی ہے ۔ موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں ۔بجلی ، گیس اور اشیاخورونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کرنا حکومت کا مشغلہ بن چکا ہے ۔ حکومت میں بیٹھے ہوئے فیصلہ ساز لوگ روزمرہ زندگی کی مشکلات سے نابلد ہیں اس لیے اُن کے فیصلے عوام کے لیے پھانسی کا پھندہ بنتے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پشاور کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرنائب امرا ضلع ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز ، شہرکے منتخب شوریٰ اراکین ، شہر کے زونل امرا ، ڈسٹرکٹ و ٹائون ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع عتیق الرحمن نے کہاکہ جن خوشنما نعروں پر عوام کو الیکشن میں بہلایاگیا تھا اُن کا دوردور تک پتا نہیں چل رہا اور عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ حکومت کو چلتا کردیں۔ جماعت اسلامی نومبر کے بعد بجلی ، گیس اور اشیاء خورونوش مہنگی کرنے کے خلاف اور پشاور میں بی آر ٹی کی ناکامی اور بی آرٹی سے بننے والے ٹریفک کے مسائل ، لاقانونیت اور جرائم میں اضافے کے خلا ف زبردست تحریک چلائے گی۔