حکومت خود اسلام آباد میں نظر بند ہوگئی ہے، اسفندیار ولی

86

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ حکومت خود اسلام آباد میں نظر بند ہوگئی ہے، سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے حکومت اپوزیشن کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج سے ڈر گئی ہے؟ ، سیاسی قائدین کی گرفتار یا نظر بند ی سے ملک میں افراتفری پھیلے گی، ذمے دار حکمران ہوں گے۔ ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ آزادی مارچ اپوزیشن جماعتوں کا آئینی اور قانونی حق ہے،حکومتی کارروائیوں سے ایسا ہی لگ رہا ہے کہ حکومت خود انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے، مولانا فضل الرحمان کے رضاکاروں پر زمین اور آسمان ایک کرنے والے پی ٹی وی، عدالت عظمیٰ اور پارلیمنٹ پر اپنا حملہ بھول گئے ہیں، حکومت مطمئن رہے اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج پرامن ہوگا کیونکہ اس احتجاج میں باشعور سیاسی کارکنان شریک ہوں گے، اس آزادی مارچ میں نہ قیادت جذباتی ہے اور نہ ہی کارکنان بلکہ اپنے حقوق کے لیے پرامن طریقے سے سیاسی کارکنان اور قیادت احتجاج کریں گے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ وقت میں جتنا بھی انتشار ہے اُس میں سب سے زیادہ حکومت کا اپنا رول ہے،قوم پر سیاسی و معاشی دہشتگرد مسلط ہیں،انہی معاشی و سیاسی دہشتگردوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی قائدین کو گرفتار یا نظر بند کیا گیا اور اُس کے بعد ملک میں افراتفری ہوئی تو اس کی ذمے داری حکومت وقت اور ذمے دار اداروں پر ہی عاید ہوگی کیونکہ سیاسی کارکنان کو ڈسپلن میں رکھنا سیاسی قائدین کی ذمے داری ہوتی ہے۔
اسفندیار ولی