راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی پولیس نے لانگ مارچ شرکا سے نمٹنے اور فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے ضلعی پولیس کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ ضلعی پولیس کے فوکل پرسن ایس پی پوٹھوار ڈویژن سید علی نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت لانگ مارچ کے شرکا سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، حالات خراب کرنے، دہشت گردی، شرپسندی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ضلعی پولیس کے علاوہ دوسرے اضلاع سے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے جبکہ ایلیٹ فورس،ڈولفن فورس،کمانڈوز کے علاوہ حساس اداروں کے اہلکار اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس پوٹھوارڈویژن سید علی نے اے پی پی سے گفتگو میں بتایا کہ کسی بھی شرپسند کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پنجاب حکومت نے احکامات جاری کیے تو دفعہ 144 کے تحت کہیں بھی مجمع نہیں لگانے دیاجائے گا۔ لانگ مارچ کے شرکا سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن، اینٹی رائیٹ فورس، پنجاب پولیس، شیلنگ کا استعمال، مختلف فارمیشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ اس ضمن میں سٹی پولیس آفیسر محمد فیصل رانا کی ہدایت پر لانگ مارچ سمیت ہر قسم کے احتجاج سے نمٹنے کیلیے فورس کے جوانوں کو خصوصی تربیت اور بریفنگ دینے کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔