حکومت کا انٹرنیٹ کی نگرانی کیلیے متنازع کمپنی سے معاہدہ

310

حکومت پاکستان نے ملک بھر میں ’انٹرنیٹ نگرانی کا نظام‘ (ویب مانیٹرنگ سسٹم) قائم کرنے کے لیے کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ‘متنازع’ کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں۔

ایک اخباری رپورٹ کے مطابق نیویارک سے تعلق رکھنے والی اشاعت ’کوڈا اسٹوری‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ سینڈوائن کمپنی نگرانی کے لیے آلات فراہم کرے گی اور پاکستان میں آنے اور یہاں سے جانے والے تمام انٹرنیٹ ٹریفک کا تجزیہ بھی کرے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام انڈسٹری کو گرے ٹریفک کی روک تھام اور اس کا جائزہ لینے کے لیے ’مناسب تکنیکی حل‘ نافذ کرنے کی تجویز دی تھی، جس میں وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول اور ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس بھی شامل ہیں۔