ذہن سازی اورنسل نو کی بہتر تربیت کا کام تعلیم سے ہی ممکن ہے

90

رائولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان نے کہا ہے کہ ذہن سازی اورنسل نو کی بہتر تربیت کا کام تعلیم سے ہی ممکن ہے، جماعت اسلامی میں شروع ہی سے یہ احساس موجود تھا کہ تعلیم ذہن سازی کا ذریعہ ہے۔ اس مقصد کے لیے کئی ادارے تشکیل دیے گئے۔ ان اداروں نے طلبہ، اساتذہ اور والدین کی تربیت کی اور یہ کام جاری ہے، بچوں کی ذہن سازی کے لیے والدین تک پہنچنا ہدف ہے تاکہ بچوں کی دین کے ساتھ کمٹمنٹ ہو اور ان کی تحریک اسلامی سے وابستگی مضبوط ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صوبائی سیکرٹریٹ میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن (نافع)کے تحت منعقدہ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نافع ہدایت خان ،ریجنل ڈائریکٹرشمالی پنجاب نزاکت خان ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب حافظ تنویراحمد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن پروفیسرمحمداطہر شیخ سمیت دیگرعہدیداران بھی شریک تھے ۔اقبال خان نے کہاکہ تعلیم کے شعبے کی اصلاح اوراس کو اسلام ونظریہ پاکستان کے ہم آہنگ بنانا ناگزیر ہے۔اساتذہ وطلبہ پرواضح کیا جائے کہ ہماری دنیا وآخرت کی کامیابی دین سے وابستہ ہے، ہم نے تعلیمی میدان میں ایک بڑی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے نئی نسل کی اخلاقی تعلیم اور نظریہ پاکستان کی روشنی میں ان کی تربیت ہمارا ہدف ہے۔ڈائریکٹرجنرل نافع ہدایت خان نے کہاکہ نافع کے قیام کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام کو اسلام اور نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنا ہے۔آئین پاکستان کے اندرجو مقاصد طے کیے گئے ان مقاصد کو حاصل کرنا اور تعلیم کی گاڑی کو درست پٹری پر رکھنا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلیے ہم پوری پاکستانی قوم کو منظم کر رہے ہیں۔پاکستان کو ہم نے د س ریجن میں تقسیم کر دیا ہے اور ہر ضلع میں ہم 20 نافع فورم بنا رہے ہیں ، ہر فورم میں 20 افراد ہوں گے ،ان فورمز میں تعلیمی اداروں کے سربراہان، مالکان،اساتذہ کرام، صحافی ، ماہرین تعلیم اور معاشرے کے بااثر افراد ممبرز ہوں گے ۔