راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اسپتالوں مین مینٹینوں پر چھاپے

54

 

راولپنڈی (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی اور گردونواح میں اسپتالوں کے کینٹینز اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے ملاوٹی اشیا کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات کی بناء پر 323,500 کے جرمانے عائد کرتے ہوئے مضر صحت اشیا تلف کردیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی زون کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بہتات، ٹوٹے، گندے فریزرز کے استعمال، غیر معیاری سٹوریج، ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی، گندے اور بدبودار ماحول کی بنا پر مختلف اسپتالوں میں قائم کینٹینز کو 187,000 کے جرمانے عائد کیے۔ مزید برآں روز مرہ کارروائیوں کے دوران مختلف فوڈ پوائنٹس کو غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 136,500 کے جرمانے عائد کیے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کینٹینز کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جاتا ہے۔ علاج کے خاطر اسپتالوں میں آنے والے لوگ مضر صحت اشیا کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ ناقص اشیا خورونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ ہمارا مشن محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر غذائی بیماریوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ ڈویژن بھر میں کارروائیوں کے دوران زائد المیعاد اشیائے خورونوش، ملاوٹی مصالحہ جات، کیمیکلز اور مضر صحت خوراک تلف کی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پرحتمی نوٹسز بھی جاری کیے۔