حکومت مولانا کی تحریک سے ڈر کر ملک کو لاک ڈاؤن کررہی ہے ،شہلا رضا

49

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ترقی نسواںسیدہ شہلا رضا نے کہا کہ خواتین کیلیے علیحدہ پولیس اسٹیشن کے قیام کا مقصد ہے کہ متاثرہ خواتین گھریلو تشدید سمیت دیگر مسائل سے متعلق آزادی سے شکایت درج کروا کر قانونی مدد حاصل کرسکتی ہیں، خواتین سے متعلق قائم کیے گئے کمیشن کے ذریعے خواتین کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے میں بڑی مدد ملی ہے، محکمہ ترقی نسواں اور غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے پولیس کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی پروگرامز جاری ہیں، کسی بھی شعبے میں یکدم انقلاب نہیں لایا جاسکتا، ضلع مٹیاری میں خواتین تھانے اور وومین اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل قائم ہونے سے متاثرہ خواتین کے مسائل کو حل کرنے میں بڑی کامیابی ملے گی، محکمے کیجانب سے 14 اضلاع میں ویمن کمپلین سیل قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع پر  میڈیا نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی طبیعت سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف خوش قسمت ہیں جو میڈیا ان کی بیماری سے متعلق خبریں چلا رہی ہے جبکہ آصف علی زرداری کی طبیعت بھی بہت خراب ہے اور یہ رپورٹ نہیں ہو رہا ہے، نیب کیا چاہتی ہے کہ منتخب نمائندوں کو پھانسی دی جائے یا انہیں اس طریقے سے قید میں رکھا جائے کہ وہ بیمار ہوجائیں، آصف علی زرداری کیخلاف ایف آئی آر سندھ میں داخل ہے مگر کیس اسلام آباد میں چلایا جارہا ہے یہ سراسر ظلم ہے، سندھ سمیت پاکستان کی عوام کو کہنا چاہتی ہوں کہ آخر منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ایسا ظلم کیوں ہو رہا ہے، پرویز مشرف بیرون ملک ڈانس کرتے پھررہے ہیں اور ہمارے منتخب نمائندے ضمانتیں مانگ رہے ہیں، تبدیلی ایسی نہ ہو کہ انسانیت ہی بالکل ختم ہوجائے۔ ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ مولانا جمہوری طریقے سے احتجاج کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، مولانا کی تحریک سے حکومت ڈر گئی ہے اور ملک کو لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، یہی تحریک کی کامیابی ہے۔امن و امان سے متعلق ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں اس معاملے پر بحث ہوئی ہے، سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر حاضری دی اورر چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔
شہلا رضا