ڈنڈا بردار فورس کو صوبے سے نہیں نکلنے دیں گے، شوکت یوسفزئی

59

پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج پر کوئی پابندی نہیں تاہم ڈنڈا بردار فورس کو صوبے سے نہیں نکلنے دیں گے، مولانا فضل الرحمن مہنگائی کے خلاف بات تو کرتے ہیں لیکن مہنگائی کے
ذمے داروں کو سپورٹ بھی کر رہے ہیں، ان کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنی چاہیے، جب تک کوئی قانون ہاتھ میں نہیں لے گا اس وقت تک کچھ بھی نہیں کہا جائے گا تاہم قانون شکنوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، عوام کے مال و جان کی حفاظت حکومت کی ذمے داری ہے اور ہم اپنی ذمے داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ احتجاج کا اس وقت کوئی جواز نہیں، پاکستان بڑے مشکل دور سے نکل رہا ہے، عوام نے بہت تکلیفیں دیکھ لیں، وزیراعظم کو پاکستان کی معیشت کو پٹری پرلانے کیلیے مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کے راستے پر گامزن ہے، حالات بہتری کی طرف آ رہے ہیں لیکن اپوزیشن ملک کو دوبارہ انتشار کا شکار بنانا چاہتی ہے۔ نہ تو وزیراعظم استعفا دیں گے نہ ہی وقت سے پہلے انتخابات ہوں گے۔ ڈی چوک پر دھرنے یا احتجاج کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
شوکت یوسفزئی