عوام نے آزادی مارچ سے بڑی اُمیدیں وابستہ کر لیں‘اکانومی واچ

44

راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور معاشی بحالی میں ناکام ہو چکی ہے اور عوام کو مہنگائی و بے روزگاری کے طوفان میں پھنسا دیا گیا ہے۔ تبدیلی سے مایوس عوام اور کاروباری برادری نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ سے بڑی امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں اور وہ موجودہ حالات میں بہتری کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ حکومت پہلے ہی سال میں وینٹی لیٹر پر آ گئی ہے اور معیشت آئی سی یو میں آخری سانسیں لے رہی ہے۔ پریشان حال عوام سابق حکومت کو یاد کر کر کے رو رہے ہیں اور موجودہ حکومت کو ووٹ دینے والے شرمندہ ہیں۔عوام اور کاروباری برادری کا خیال ہے کہ ان سے دھوکا ہوا ہے اور یہ کہ گھی نکالنے کے لیے انگلیوں کو ٹیڑھا کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ملک بھر میں ن لیگ کی مقبولیت کی لہر میں اس کے رہنمائوں سے زیادہ موجودہ حکومت کی سیاسی، اقتصادی اور سفارتی ناکامیوں اور پالیسی بلنڈرز کا ہاتھ ہے۔اب سیاستدانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ ادھر کلیدی عہدوں پر فائز بعض افراد کے غیر سنجیدہ رویے اور منفی پالیسیوں نے ملک کو انتشار میں مبتلا کر دیا ہے ۔ سرمایہ کار بے یقینی کا شکار اور تاجر سراپا احتجاج ہیں۔ تاجروں کو موجودہ ٹیکس نظام پر تحفظات ہیں جبکہ حکومت انہیں اسی نظام کا حصہ بنانے پر بضد ہے جس سے ڈیڈ لاک لگا ہوا ہے۔تاجروں کے ایک طبقے کا کہنا ہے کہ ان سے پہلے اربوں کا ٹیکس چوری کرنے والے صنعتکاروں اور جاگیرداروں سے پورا ٹیکس وصول کیا جائے اس کے بعد وہ بخوشی ٹیکس دیں گے۔