کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے کراچی سمیت صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے اور کوڑے کرکٹ سے مالی وسائل بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ( ایس ایس ڈبلیو ایم بی ) نے جامع رپورٹ تیار کرلی ہے جو منگل کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی جائے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ایک ماہ کی گرین کلین مہم کے نتائج اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کا اجلاس کیا ہے جس میں بورڈ کے ایم ڈی آصف اکرام بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات روشن شیخ اور دیگر افسران بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے ائندہ کی پلاننگ اور حکمت عملی تیار کرلی ہے اس ضمن میں رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں گاربیج اسٹیشنوں کی تعمیر اور کچرے کو سائنسی بنیاد پر ٹھکانے لگانے اور اس سے ریونیو جنریٹ کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ اجلاس میں کچرے اٹھانے کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والی چائنیز کمپنیوں کی کارکردگی کے بارے میں بھی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی جائے گی۔
صفائی نظام /آمدنی اضافہ