سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں کے لوگ نکل مکانی پر مجبور ہورہے ہیں

38

اٹھمقام(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں میں شہدا اورزخمیوں کو اتنا ہی معاوضہ دیں جتنا پاک آرمی نے اپنے شہدا اور زخمیوں کے لیے طے کیا ہے ،حکومت ان علاقوں میں سول آبادی کو پکے بینکرز تعمیر کر کے دے تا کہ فائرنگ کے دوران یہ لوگ محفوظ پناہ گاہوں میں محفوظ ہو سکیں ،مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں کے لوگ نکل مکانی پر مجبور ہورہے ہیں حکومت ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کا معقول بندوبست کرے تاکہ یہ عمل رک سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نیلم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان،ڈپٹی سیکرٹری قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی ضلع نیلم عنایت علی قاسمی سمیت دیگر قائدین موجود تہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست کے بعد سے اب تک کرفیو کی وجہ سے عوا م اپنے گھروں میں محصور ہیں ، وفات پا جانے والوں کو اپنے گھروں میں دفنا یا جارہا ہے ، ادویات اور خوراک کی قلت کی وجہ سے فاقہ کشی سے مررہے ہیں ،لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے سول آبادی کو نشانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹائی جارہی ہے ،وادی نیلم کے عوام کی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے برابر قربانیاں ہیں حکومت پاکستان سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے آگے بڑھ کر عسکری مدد کرے تا کہ بڑے انسانی المیہ رونما ہونے سے بچا جاسکے ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر جماعت اسلامی نے ملک بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور اجتماعات منعقد کیے حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کو 30نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ کشمیر پر واضح روڈ میپ نہ دیا تو ہم ساری قیادت کو جمع کر کے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، انہوں نے کہاکہ ریاست پاکستان کا مفاد ہمیں سب سے مقدم ہے پاکستان کی اندرونی و بیرونی مشکلات کے پیش نظر جماعت اسلامی کو ملک کا مفاد عزیز ہے لیکن تحریک آزادی کشمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے حکومت پاکستان بھارت کی مبینہ سازش کو ناکام بنانے کے لیے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی اکائیوں پر مشتمل نمائندہ حکومت بنا کر کشمیریوں کو خود اپنا مقدمہ پیش کرنے کا موقع فراہم کرے ،انہوں نے کہاکہ نیلم سمیت دیگر سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو بجلی اورگیس فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے تا کہ لوگو ںکو سہولت ہو ، سیز فائر لائن پر آباد سول آبادی بھی اسی کیفیت میں ہے جس کیفیت میں ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائی ہیں یہاں کے لوگ دفاعی فصیل ہیں ان کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں ۔