عمران خان ناکام ہوچکے، مڈٹرم انتخابات کرائے جائیں،نثار کھوڑو

36

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی مشیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت چلانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ لہٰذا ملک میں مڈٹرم الیکشن کرائے جائیں ، جس طرح ماضی میں حکومتیں ناکام ہوئیں تو مڈٹرم الیکشن کرائے گئے تھے۔ وہ سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ پیپلزپارٹی ضلع حیدرآبا دکے صدر صغیر احمد قریشی، آفتاب خانزادہ اور دیگر بھی موجو دتھے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہاکہ 18ماہ میں ملک کے عوام اتنے تنگ آچکے ہیں کہ اپنا بوریا بستر اٹھائے احتجاج کیلیے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ یہ حکومت جسے معمولی اکثریت سے اقتدار میں لایا گیا ہے اور ان کے ساتھ وہی عناصر ہیں جو پرویز مشرف کے دور حکومت میں تھے ۔ یہ حکومت بھی پرویز مشرف کی حکومت کا تسلسل ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ جب تک میں زندہ ہوں کسی کو این آر اونہیں دوں گا جس کے بعد اب عوام نکل پڑیں ہیں اور وہ عمران خان کو این آر او نہیں دیں گے۔ تاریخ شاہد ہے کہ عوام جب بھی نکلتے ہیں تو بڑے سے بڑے بادشاہ بھی پچھلے دروازے بھاگ جاتے ہیں۔