آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مزید ظالمانہ شرائط کے ساتھ آیاہے

92

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مزید ظالمانہ شرائط کے ساتھ آیاہے۔ امسال حکومت مزید 3173 ارب روپے کے قرضے لینے جارہی ہے۔ قرضے کی دوسری قسط ملنے کے بعدٹیکسوں اور مہنگائی کا سونامی آئے گا۔ حکمرانوں کو کالی پٹیاں بازئوں پر نہیں،آنکھوں پر باندھنی چاہئیں تاکہ لوگ سمجھ جائیں کہ حکمران دیکھنے سننے اور سمجھنے کے قابل نہیں رہے۔ طویل دھرنے کا ریکارڈ قائم کرنے والوں کے چہرے اپوزیشن کے پہلے احتجاج سے ہی زرد پڑ گئے ہیں۔مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں۔ عام استعمال کی چیزیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ شہری چیزوں کے ریٹ سن کرحکمرانوں کو کوستے ہوئے خالی ہاتھ واپس چلے جاتے ہیں۔ عام آدمی اب دال سبزی بھی نہیں کھا سکتا۔ پھلوں کی قیمت سن کر لوگ صبر کا پھل لے کر گھر چلے جاتے ہیں۔ بے روزگاری نے نوجوانوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے۔ گردشی قرضوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں پر کام ٹھپ ہے۔حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے اب انہیں قرضوں کے جال میں پھنسایا جارہاہے۔ حکومت اگر واقعی نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنا چاہتی ہے تو اسے بلاسودی قرضوں کے ذریعے نوجوانوں کی مدد کرنی چاہیے تھی تاکہ وہ آسانی سے اپنے کاروبار شروع کرنے کے قابل ہوسکتے۔ حکمران قوم کی گردنوں پر سوار ہیں۔ 14ماہ میں ہی حکومت غیر مقبولیت کی آخری حدوں کو چھورہی ہے۔