مسائل حل نہ ہوئے تو نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند کردیں گے، اعجاز حسین

32

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے رہنماؤں اعجاز حسین، عطر خان چانگ، عبدالحمید، اقبال راجپوت، عبدالقیوم بھٹی ودیگر نے واسا انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مسائل کو جلااز جلد حل نہ کیا گیا تو مین ڈسپوزل پمپپنگ اسٹیشن تلسی داس سے ریلی نکالی جائے گی، اس کے بعد بھی مسائل حل نہ ہوئے تو نکاسی وفراہمی آب کا نظام بندکرنے کی کال دیں گے، جس کی تمام تر ذمے داری ایچ ڈی اے اور حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔ وہ پریٹ آباد فلٹر پلانٹ پر چوتھے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ڈے شعبہ واسا میں ریگولر ملازمین کو پانچ ماہ اور ورک چارج ملازمین کو آٹھ ماہ سے جبکہ پنشنرز کو پانچ ماہ سے پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کیخلاف عرصہ دراز سے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں، مگر ایچ ڈی اے انتظامیہ اور نہ ہی حکومت سندھ ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے جس کی وجہ سے ملازمین تنگ آمد بہ جنگ آمد کے لیے تیار ہیں، اور اب بھی ان کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہ دی گئی تو حیدرآباد میں واٹر سپلائی اور سیوریج کا نظام جو پہلے ہی ایچ ڈی اے انتظامیہ کی غفلت نااہلی اور بدعنوانی کی وجہ سے شدید ابتر حالت میں ہے، ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے شدید متاثر ہوگا۔ عبدالقیوم بھٹی نے کہا کہ جلد از جلد عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے کیونکہ مستقل ملازمین کے بڑے پیمانے پر ریٹائر اور انتقال ہونے کی وجہ سے ایچ ڈی اے کے نظام کو چلانے میں ستر فیصد سے زائد حصہ ان ورک چارج ملازمین کا ہے۔