حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے مہران ورکرز یونین سی بی اے کی جانب سے واسا ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کیخلاف پریس کلب کے سامنے ساتویں روز بھی احتجاج جاری رکھا گیا جس میں محنت کشوں نے بڑ ی تعداد میں شرکت کی اور ایچ ڈی اے انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر یونین کے رہنمائوں عاشق قنبرانی، ولیم نذیر اور شاہد راجپوت سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ظا لم انتظامیہ کے رین ایمرجنسی کے نام پر کروڑوں روپے کے ناجائز استعمال کی وجہ سے واسا کے محنت کش اور پنشنر پانچ ماہ اور ورک چارج ملازمین آٹھ ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں اور انتظامیہ تاحال ہمیں دلاسے دے رہی ہے اور ہمیں شہر کا فراہمی و نکاسی آب بند کرنے پر مجبور کررہی ہے اگر ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں اور پنشن ادا نہیں کی گئیں تو پھر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے، جس کی تمام تر ذمے داری حکومت سندھ اور واسا انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ لہٰذا ہم وزیر اعلیٰ سندھ سید مر اد علی شاہ اور کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر واسا کے محنت کشوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیتے ہوئے تنخواہوں اور پنشنرز کا اجرا کروائیں۔