حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد حیدرآباد کی لطیف کالونی کے رہائشیوں نے تجاوزات کی آڑ میں گھروں کو مسمار کرنے کی کوشش کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فی الفور نوٹس لے کر ہمارے گھروں کو مسمار کرنے سے بچایا جائے۔ اس موقع پر متاثرہ افراد ہاشم چانڈیو، غلام عباس، غلام شبیر کلہوڑو ودیگر نے بتایا کہ ہم لطیف کالونی میں تیس سال سے رہتے ہیں، بجلی، گیس کے بل ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مختار کار قاسم آباد بااثر افراد اور بلڈرز سے ملی بھگت سے گھروں سے بے گھر کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم غریبوں کے ساتھ کھلی زیادتی ہے، ہم اپنے معصوم بچے اور عورتیں لے کر کہاں جائیں، ہم سندھ کے شہری ہیں اگر ہمیں یہاں سے اٹھانا تھا تو پہلے ہمیں یہاں رہائش کیوں دی گئی، جبکہ ان پلاٹوں کے ہم سے پیسے لیے گئے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔