بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ صنعتیں تباہ ہورہی ہیں،حافظ طاہر مجید

43

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ 8تا 10گھنٹے غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ سے صنعتی تجا رت کی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں، اضافی بلنگ سے گھریلو صارفین ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، طویل دورانیہ لو ڈ شیڈنگ سے گھریلو صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں، ڈیلی ویجز ملازمین بے روزگار ہو رہے ہیں ۔ رات کے اوقات میں طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو صبح بحال کی جاتی ہے جس سے علاقے میں جرائم بڑھ جانے کے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے حیسکو کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورا نیے میںاضافے کے ساتھ ساتھ آئے دن وولٹیج کی کمی بیشی کے نتیجے میں درجنوں صارفین بجلی کے گھریلو الیکٹرانک اشیا کے ناکارہ ہونے کی بھی شکایت ہیں۔چھوٹی صنعتیں بند ہونے سے غریب اور پسماندہ علا قوں کے لو گ بے روزگاری سے فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ حیدرآباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی کے اہلکاروں کی سرپرستی میں کنڈا کلچر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، لائن لاسز کے تمام یونٹ ایمانداری سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کرنے والے صارفین کے بلوں میں شامل کر دیے جا تے ہیں۔ حیسکو میں میٹریل اور میٹر کی عدم دستیابی کی وجہ سے نئے کنکشن نہیں لگائے جا رہے،شکایات کے باوجود حیسکو کی طرف سے اضافی بلنگ کی شکایات پر صارف کوکوئی ریلیف دیا جاتا ہے، بلکہ آئندہ ماہ کے بل میں اضافی رقم کو ادائیگی میں شامل کر لیا جاتا ہے جو کہ صارف کی حق تلفی ہے، اس قسم کی شکایات سے لوگوں میں بے چینی اور اضطراب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو کی ناقص کارکردگی اور شہریوں کو بلا جواز پریشان کرنے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
حافظ طاہر مجید