حکومت سندھ میں7اسامیاں کئی ماہ سے خالی ،اہم امور معطل

81

کراچی(رپورٹ : محمد انور)حکومت سندھ کی گریڈ 20 اور 21 کی 7اہم اسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے متعلقہ محکموں کے روز مرہ اور دیگر اہم امور معطل ہوگئے ہیں۔سرکاری ذرائع اور حکومت سندھ کی دستاویزات کے مطابق محکمہ بورڈ آف ریونیو کے رکن لینڈ یوٹیلائزیشن کی گریڈ 20 کی اسامی گزشتہ3ماہ سے خالی ہے۔اس پوسٹ پر کوئی اصول پسند ایماندار افسر تعینات نہیں ہونا چاہتا۔اسی طرح سیکرٹری پاپولیشن ڈپارٹمنٹ ، محکمہ کچی آبادی و فضائی ترقیات ، محکمہ اقلیتی امور اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں کوئی سیکرٹری نہیں ہے،ان پوسٹوں پر بھی کسی افسر کے تقرر کی دلچسپی نہیں ہے جبکہ سندھ ایجوکیشن اینڈ وکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ایس ای وی ٹی اے)اور گورنر سندھ کے سیکرٹری کی اسامی بھی گزشتہ 4 ماہ سے خالی ہے۔اس اسامی پر حکومت اپنی مرضی کا افسر لگانا چاہتی ہے جبکہ گورنر اپنی پسند کے افسر کا تقررچاہتے ہیں جس کی وجہ سے کسی افسر کی یہاں پوسٹنگ ممکن نہیں ہوپارہی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسامیوں میںرکن لینڈ ریونیو،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹری مذہبی امور اور چیئرمین کی اسامیوں کے لیے کوئی بھی اصول پسند اور ایماندار افسر اس لیے کام نہیں کرنا چاہتا کہ یہاں حکومتی شخصیات کا اپنی خواہشات کے مطابق خلاف قانون کام کرانے کے لیے دباؤ رہتا ہے جبکہ نیب بھی ان محکموں کے حوالے سے مختلف انکوائریز کررہی ہے۔سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ نیب کو متعلقہ محکموں کے حوالے سے دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مبینہ طور پر متعلقہ دستاویزات نیب کو پیش نہ کرنے کے لیے اہم حکومتی شخصیات کا دباؤ رہتا ہے۔ اس لیے جو افسر یہاں ہوتا ہے اس کے لیے اپنی مرضی سے فرائض انجام دینا مشکل ہوجاتا ہے۔