اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر قبضہ واگزار کرایا جائے گا، عباس بلوچ

41

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری مذہبی اور اخلاقی ذمے داری ہے، صوبائی حکومت اور انتظامیہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر جہاں کہیں بھی قبضہ ہے، انہیں فوری طور پر واگزار کرایا جائے گا۔ ان خیالات کا انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں ہندو کونسل کے نمائندوں کے ساتھ ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہندو کونسل کے فوکل پرسن رمیش کمار کو کہا کہ وہ ہندوؤں کی ایسی عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات جہاں قبضہ ہے کی ایک فہرست بنا کر ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لا کر قبضہ ختم کروائے۔ اجلاس میں ہندو کونسل کے وفد کے فوکل پرسن رمیش کمار نے ہندوؤں کے مسائل اور خصوصی طور پر مذہبی مقامات پر قبضوں کے حوالے سے بریفنگ دیں۔ جس پر ڈویژنل کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی محمد ببر اور ہندو کونسل کے وفد اور محکمہ اوقاف کے افسران نے شرکت کی۔