منتخب نمائندے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں

41

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) یونین کمیٹی 75 لطیف آباد کے چیئرمین عابد غوری نے کہا ہے کہ یوسی کے وارڈ نمبر 1 میںعید گاہ کالونی کے زرینہ اسکول والے روڈ پر مکمل سیوریج لائن ڈالنے کے بعد سی سی روڈ کی تعمیر کا کام بھی شروع ہوگیا ہے جو کہ میلاد النبیﷺ سے قبل مکمل کر لیا جائے گا تاکہ میلاد النبیﷺ کے جلوسوں اور علاقے میں منعقد محافل میلاد کے منتظمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر سی سی روڈ کے کام کا معائنہ کرنے کے دوران جمع ہونے والے علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عابد غوری نے مزید کہاکہ منتخب بلدیاتی عوامی نمائندے اپنے منشور کے مطابق شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جسے مدنظر رکھتے ہوئے پہلے روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کا کام مکمل کیا گیا اور اس کے بعد سی سی روڈ کی تعمیر کا کام بھی شروع کرایا گیا تاکہ سیوریج کے پانی سے سی سی روڈ تباہ نہ ہوسکے اور لوگ طویل مدت تک روڈ استعمال کرسکیں کیونکہ جو ترقیاتی کام پلاننگ کے تحت نہیں کیے جاتے وہ جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں، جس سے لوگ طویل مدت تک مستفید نہیں ہوتے۔