ضلع میں منافع خوروں نے عوام کا خون چوس لیاہے ،اجمل حسین

49

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سستے بازار لگانے کے بجائے ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالے تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے،طٰہٰ خان نے کہاکہ ضلع میں منافع خوروں نے عوام کا خون چوس لیاہے اور غریبوں کو دووقت کی روٹی کے لیے مرچ اور پیاز کھانے کے قابل بھی نہیں چھوڑا،انتظامیہ بھی منافع خوروں کی سرپرستی کرہی ہے۔ ہرچیز کی قیمت میں من پسند اضافہ کرکے لوٹ مارکا بازار گرم کردیا گیاہے، روزمرہ استعمال اور کھانے پینے کی ضروری اشیا کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور زبردستی لوگوں سے زائدقیمتیں وصول کی جارہی ہیں لاقانونیت کی انتہاہوگئی ہے اور گراں فروشی کے خلاف کوئی روک ٹوک نہیں ہے،انتظامیہ مکمل طورپر غائب ہے، لوگ اپنے بچوں کے لیے کھانے کا انتظام کرنے سے قاصرہیں، اشیا صرف کے علاوہ سبزی کی قیمتوں کو بے تحاشا بلاجواز بڑھادیاگیاہے، غریب مزدور پورے دن کی کمائی سے ایک وقت کی روٹی کی قیمت بھی ادا کرنے سے قاصرہے اور ان کا پورا خاندان بھوک کا شکارہے۔ اسی طرح گراں فروشوں نے موقع پاکر دودھ اور دہی کی قیمت میں بھی ایک دم سے بیس روپے فی کلو کا اضافہ کردیاہے، بازار میں چائے کے فی کپ کی قیمت میں بھی پانچ سے دس روپے کا اضافہ کیاگیاہے۔ منافع خوروں نے چینی کی قیمت پچاسی روپے فی کلوتک پہنچادی ہے، شوگرملوں کی لاکھوں ٹن پروڈکشن کی چینی سے مقامی تاجروں کے گودام بھرے ہیں اب اسے ڈبل قیمت پر نکال رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ایسے منافع خوروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے، جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے عدالت عظمیٰ اور دیگراداروں سے اپیل کی ہے کہ مصنوعی گراں فروشی کا نوٹس لیاجائے اور متعلقہ ذمے دار افسران کو کٹہرے میں لاکر معاشی دہشت گردی کرنے والے گراں فروشوں کی پشت پناہی کرنے کی بازپرس کی جائے اور فوری طورپر کھانے پینے اور سبزی کی قیمتیں کم کرکے غریبوں کو جینے کا حق دیاجائے۔