سکھر ،شاہراہوں و چوراہوں کی تزئین و آرائش کے کام کے دوران قیمتی سامان چوری

62

سکھر (نمائندہ جسارت) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے شاہراہوں و چوراہوں کی تزئین و آرائش کے کام کے دوران خطیر رقم کا پرانا سامان چوری ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھیکیدار کی مجرمانہ غفلت و لاپروائی کے سبب انتظامیہ کو خطیر رقم کا نقصان پہنچ رہا ہے، دعا چوک، محمد بن قاسم پارک سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تزئین و آرائش کے لیے جو کام کیا جارہا ہے، اس دوران پرانے سامان کا چوری ہونا انتظامیہ و ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہر کو خوبصورت بنانا احسن اقدام ہے مگر پہلے شہریوں کو بنیادی سہولیات تو فراہم کی جائے جبکہ پرانے سامان کی چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی مسلم، حاجی خضر حیات، حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت، حافظ شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف چوراہوں دعا چوک، محمد بن قاسم پارک، گلوب چوک سمیت دیگر مقامات پر تزئین و آرائش کا جو کام شروع کیا گیا ہے اس میں ٹھیکیدار کی جانب سے مبینہ طور پر غفلت برتی جارہی ہے۔ پرانا سامان جو کہ اچھی حالت میں ہے وہ چوری کیا جارہا ہے۔ چوراہوں کے گرد بنائی جانیوالی لوہے کی جالیاں جنہیں نصب کرنے کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی وہ چوری ہوچکی ہیں، اب ٹھیکیدار نئی جالیوں کے نام پر رقم خرچ دکھا دے گا حالانکہ انہیں پرانی جالیوں پر رنگ و روغن کرکے انہیں خوبصورت بنایا جاسکتا تھا، نئی جالیاں لگانے کی ضرورت نہیں تھی۔ تاہم انتظامیہ اور ٹھیکیدار کی مبینہ ملی بھگت کے سبب پرانی جالیاں ہٹا دی گئی ہیں اور ان کے متعلق معلوم بھی نہیں ہے، وہ جالیاں کہاں گئی ہیں۔ انتظامیہ شہری مسائل کے حل میں وسائل کی کمی کا رونا تو روتی ہے مگر ادارے کو نقصان پہنچانے والے ٹھیکیدار کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن، میئر سکھر، ڈپٹی کمشنر و دیگر اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ چوراہوں کی جالیاں چوری ہونے کا نوٹس لے کر متعلقہ ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔