میئرسکھر کی بلدیہ افسران سے باز پرس،کارکردگی غیرتسلی بخش قرار

53

سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر کا نواں عام اجلاس میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت آڈیٹویم ہال پیر الٰہی بخش ٹاور میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی طارق حسین چوہان، یوسی چیئرمینز، خواتین اراکین سمیت بلدیہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں میئر سکھر نے افسران سے ان کی کارکردگی کے بارے میں باز پرس کی اور افسران کی کاکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے بہتری لانے کی ہدایت جاری کیں جبکہ میئر نے اراکین کونسل سے اجلاس میں مسلسل 2 روز تاخیر سے پہنچنے والے افسران و عملے کو نوکری سے فارغ کرنے کی رائے طلب کی، جس کی تمام اراکین نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی۔ میئر سکھر نے اے ڈی پارکس جاوید اختر کو خالد خان پارک میں سبزہ کرنے کے لیے 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ مطلوبہ تمام مشینری فراہم کردی ہیں۔ لہٰذا اب کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی قابل برداشت نہیں، پاک میں پانی و بجلی کے لیے متبادل بندوبست کیا جائے جبکہ دیگر پارکس کی حالت بھی 2 ماہ میں بہتر ہوجانی چاہیے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بلدیہ اعلیٰ سکھر کی انتظامی کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس جو عہدے ہیں وہ عوام کے مرہون منت ہیں، ہم عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اس کرسی پر بیٹھے ہیں۔ عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے مگر افسوس کہ چند انتظامیہ کمیٹیوں کے علاوہ تمام کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔ آج تک کسی ایک کمیٹی نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا۔ ہم خدمت خلق کے لیے یہاں بیٹھے ہیں، خدمت خلق ایک عظیم عبادت ہے، ہمیں اپنی ذمے داریوں کو سمجھنا ہوگا۔ بہت ٹائم خراب ہوچکا مزید نہیں ہونا چاہیے۔ انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان اپنی اپنی کمیٹیوں کو فعال کریں اور اپنی میٹنگز میں کیے گئے فیصلوں کی کونسل سے توثیق کرائیں، ہر صورت فیصلوں پر عملدر آمد کرائیں گے، اگر فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہوسکا تو استعفا دے دوں گا۔ اراکین کی تجاویز پر میئر سکھر نے ایکسیئن سہیل میمن کو ایوب گیٹ کے نالے کی اسکیم پر کام کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سیلٹنگ کے کام کے کنٹریکٹر کو اس وقت تک ادائیگی نہ کی جائے جب تک یوسی چیئرمین ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی منظوری نہ دیں۔ ڈاکٹر عبدالخالق کام چیک کر کے رپورٹ جمع کرائیں گے، اس کے بعد ٹھیکیدار کو ادائیگی کی جائیگی۔ نئی موٹر سائیکلوں کی خریداری کی تجویز پر یوسی چیئرمین غلام مرتضیٰ گھانگھرو نے اعتراض کرتے ہوئے پرانی موٹر سائیکلوں کی جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا، جس پر میئر نے انہیں تمام گاڑیوں کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ کونسل میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ میئر نے شہر میں منعقد ہونیوالے مختلف ایونٹس کے انعقاد کے لیے یاسین آرائیں کی سربراہی میں ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دی۔ آخر میں میئر سکھر نے سندھ حکومت کے کچرا پھینکے پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے اراکین سے رائے طلب کی جس پر اراکین نے متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کی کہ کچرا سڑک پر پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ ہر دکاندار کو اپنی دکان اور کے باہر کچرا دان رکھنا ہوگا۔ سڑک پر کچرا پھینکنے والے کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ مذکورہ قانون پر رہائشی علاقوں میں بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ بعد ازاں میئر سکھر و کنوینر کونسل بلدیہ اعلیٰ سکھر نے اجلاس آج صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا۔