بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتوں کا پہیہ جام ہوگا،چودھری عبدالغفور

66

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیر چودھری عبدالغفوراورجنرل سیکرٹری مختارعلی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے ایک ماہ میں 4 مرتبہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی بم گرایا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتوں کا پہیہ جام اور مہنگائی و بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا جو قابل مذمت ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عام آدمی پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنا حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نتیجہ ہے۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ایک سال سے مسلسل مہنگائی، پٹرول اور بجلی کے جھٹکے دے رہی ہے۔ ملکی معیشت پہلے ہی حالت نزغ میں ہے ایسے میں بجلی کی قیمت میں اضافہ ملکی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کریگا۔اجمل حسین بدر نے کہا کہ حکمران عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کر کے آئی ایم ایف کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مہنگائی کے ذریعے ان کا خون نچوڑ رہی ہے۔ سابقہ حکومتوں کی نسبت موجودہ پی ٹی آئی سرکار نے مہنگائی آسمانوں پر پہنچا دی ہے، آٹا، چینی دالیں، پھل، سبزیاں غربیوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ غریب اور سفید پوش عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جہاں مہنگائی کا طوفان برپا ہے وہاں شہر بھر میں گراں فروشی عروج پر ہے اور ناجائز منافع خور بھی دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ضلعی انتظامیہ بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔