پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اقتدار کے نشے میں مست ہے اور عوام کی کوئی فکر نہیں۔
اسلام آباد میں سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف کوعدالت نے اجازت دی ہے تو بانڈ کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نئے نئے حربے کیوں بنا رہی ہے، ساری کابینہ اقتدارکے نشے میں مست ہے ان کوعوام کے مسائل کاعلم نہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ اس منڈی میں جانا ضروری ہے جہاں 17 روپے کلو ٹماٹر مل رہے ہیں، شاید ان کو پتا نہیں،55 روپے کا ایک ٹماٹرمل رہا ہے، پٹرول، گیس اور اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بھی کئی باراضافہ ہواہے، ایک سال میں گیس کی قیمت میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، یہ آئی ایم ایف سے قیمتیں پوچھ کر ہمیں بتا رہے ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ ہمیں آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے سخت تشویش ہے، وفاقی حکومت آصف زرداری کو ذاتی معالج کی رسائی کیوں نہیں دی جارہی؟