پاک فوج نے کلبھوشن کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی تردید کردی

70

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبریں غلط ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کیس میں نظرثانی سے متعلق قانونی پہلو زیر غور ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے کیلیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے حکومت نے ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ بھارتی ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اپیل کا حق دینے کیلیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے۔ ترمیم کے بعد کلبھوشن یادیو کو سزا کے خلاف ہائیکور ٹ میں اپیل کا حق مل جائے گا۔ ترمیم کا مقصد فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا قانونی طریقہ طے کرنا ہے۔ فوجی عدالت نے بھارتی جاسوس کو 2017ء میںموت کی سزا سنائی تھی۔