مہنگائی ، معیشت کی ابتر صورتحال حکومتی نا اہلی اور اللہ کا عذاب ہے، حسین محنتی

49

گھوٹکی( نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور معیشت کی ابتر صورتحال دین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اللہ کا عذاب ہے۔نبی ؐ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، عشق مصطفی ؐکا تقاضا ہے کہ زندگی کے ہر دائرے میں قرآن و سنت کو نافذ کیا جائے۔ سودی نظام معیشت، آئی ایم ایف کی غلامی اور کمر توڑ مہنگائی نے ملک کو کنگال اور عوام کو بدحال
کرکے رکھ دیا ہے۔ جماعت اسلامی اللہ کی جماعت ہے جو اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزالی ماڈل ہائی اسکول گھوٹکی میں سیرت النبیؐ کے جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔جلسے سے اسکول کے پرنسپل محمد حسن کھوسہ، امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی نائب امیر احمد خان اور مقامی امیر ریاض احمد گڈانی بھی موجود تھے۔ قبل ازیں امیر صوبہ کی آمد پر ان کا استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا۔دریں اثنا صوبائی امیر نے خان گڑھ کے قریب مقام واہی گھوٹو میں جماعت اسلامی کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ہر آدمی پریشان ہے۔ تبدیلی اور عوام کو ریلیف دینے کے دعویداروں نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ تبدیلی کے سارے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ جلسے سے صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، مولانا یوسف مزاری نے بھی خطاب کیا۔
حسین محنتی