عثمان ڈار نے جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ وزیر اعظم کو  پیش کردی

133

معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے  وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر عثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کو کامیاب جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ درخواستیں پنجاب اور پختونخوا سے موصول ہوئیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد نے1 سے5 لاکھ تک قرض کی درخواستیں دیں،6 لاکھ سے زائد نوجوان نئے کاروبار کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل شروع  ہوگیا ،قرض کی تقسیم آئندہ ماہ ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے میرٹ اور شفافیت  کو یقینی بنانے پر معاون خصوصی عثمان ڈار کو شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ  نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یقین ہے کامیاب جوان پروگرام معیشت کی بہتری میں سازگار ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو، نئے کاروبار سے اقتصادی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی، نوجوانوں کے درپیش روزگار کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے، میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے وزیراعظم  عمران خان نے پروگرام کی زبردست پذیرائی پر اظہار اطمینان کیا۔