حکمران نابینا افراد کے جائز اور آئینی مطالبات تسلیم کریں

108

فیصل آباد( وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ سابقہ ادوار کی طرح موجودہ حکومت بھی نابینا افراد کو نوکریاں دینے کے بجائے سٹرکوں پر دھکے کھانے پر مجبور کررہی ہے۔ تبدیلی سرکار کی ریاست مدینہ میں ہزاروں پڑھے لکھے نابینا افراد ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور اس سردی میں اپنے حقوق کیلیے سڑکوں پر موجود ہیں جو موجودہ حکمرانوں کیلیے باعث شرم ہے۔ حکمران نابینا افراد کے جائز اور آئینی مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کو نوکریاں دیں اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کریں۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام نے کسی شخص کے جسمانی نقص یا کمزوری کی بنا پر اْس کی عزت و توقیر اور معاشرتی رْتبہ کو کم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی بلکہ جا بجا ایسے واقعات اور احکامات موجود ہیں جن کی بنیاد پر اللہ اور اس کے رسول ﷺنے ایسے لوگوں کو دوسرے انسانوں کی نسبت زیادہ عزت بخشی ہے مگر بدقسمتی سے ریاستِ مدینہ کی مثالیں دینے والوں کے اقتدار میں نابینا افراد اپنے بنیادی انسانی حقوق کیلیے سردی میںلاہورکی سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مظلوم اور مجبور طبقے کو آئین اور قانون کے مطابق حقوق نہیں دیے جارہے جو ہمارے نظام پر بدترین سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نابینا افراد کے مطالبات آئین اور قانون کے مطابق ہیں حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ان کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اگر نا بینا افراد پر لاٹھی چارج یا کوئی پرتشدد کارروائی کی گئی تو جماعت اسلامی یوتھ ان کے ساتھ احتجاج میں بھر پور ساتھ دے گی۔