سندھ حکومت:کے ایم ڈی سی کیلیے4.65 کروڑکی گرانٹ جاری

51

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے واحد کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ( کے ایم ڈی سی ) کے لیے خصوصی طور پر4 کروڑ 65 لاکھ کی گرانٹ کا اجرا کر دیا ہے جبکہ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں کے ایم سی کے ملازمین کی اضافی15 فیصد تنخواہوں کی مد میں بھی13
کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی جائے گی۔ خیال رہے کہ سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ کی دلچسپی کے باعث کے ایم ڈی سی کے لیے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی طرف سے3 اکتوبر کو منظور کی گئی 9 کروڑ31 لاکھ روپے کی گرانٹ کا نصف کے ایم سی کو ادا کردیا گیا۔ یہ رقم وزیراعلیٰ نے گزشتہ ماہ کیے جانے والے کے ایم ڈی سی کے اساتذہ ودیگر عملے کے احتجاج کے دوران منظور کی تھی جو کالج کے اساتذہ ودیگر عملے کی ترقیوں اور تنخواہوں میں اضافے کی مد میں ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مشکلات کے باوجود بلدیہ کراچی کی مالی معاونت کر رہی ہے لیکن کے ایم سی اپنے ذرائع سے آمدنی میں اضافے کے لیے کوئی اقدامات کرتے ہوئے نظر نہیں آرہی۔ میئر وسیم اختر اختیارات نہ ہونے کا شکوہ کرتے رہتے ہیں مگر حاصل اختیارات کے تحت آمدنی میں اضافے کے لیے کوئی قدم اٹھانے سے گریز کر رہے ہیں۔ مصدقہ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے تنخواہوں میں ہونے15 فیصد اضافے کی مد میں13 کروڑ روپے جاری کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے جو جلد جاری کردیے جائیں گے۔ 15 فیصد اضافے کے بقایا جات ملنے سے بلدیہ عظمیٰ کے13 ہزار ملازمین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اضافی گرانٹ کی مد میں فنڈز جاری کرنے سے قبل کے ایم سی سے اپنی آمدنی اور کارکردگی کی تفصیلات بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا جائزہ محکمہ بلدیات خود لے گا۔ ذرائع کا کہا ہے کہ کے ایم ڈی سی کے لیے جاری گرانٹ کے ساتھ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ بقایا50 فیصد گرانٹ کالج خود اپنی آمدنی سے پوری کرے گا۔ یاد رہے کہ کے ایم ڈی سی کا مطالبہ ہے کہ اسے کالج کا نظام چلانے کے لیے ماہانہ4 کروڑ 34 لاکھ روپے کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے کے ایم سی ہر ماہ 3 کروڑ کے بجائے 4 کروڑ 34 لاکھ روپے فراہم کرے۔
سندھ حکومت