مولانا نے اشارہ کیا تو معیشت کا پہیہ جام ہوجائے گا‘ اکرم درانی

63

بنوں(مانیٹر نگ ڈیسک+صباح نیوز)رہبر کمیٹی کے چیئرمین اورسابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن نے اشارہ کیا تو معیشت کا پہیہ جام ہوجائے گا‘آزادی مارچ کامیاب رہا،اپنے مقاصدکے حصول میں کامیاب ہوگئے، ہمارے ہاتھ نااہل حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ چکے ہیں۔کرک بنوں لنک روڈ پر جے یو آئی (ف)کے دھرنے سے اکرم خان درانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آزادی مارچ کامیاب رہا،اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوگئے، ہمارے ہاتھ نااہل حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ چکے ہیں، بہت جلد نااہل وزیر اعظم کو گرا دیںگے، اسلام آباد آزادی پرامن مارچ نے نئی تاریخ رقم کردی۔اکرم درانی کاکہنا تھا کہ آنے والا دور جے یو آ ئی (ف)کاہے ،وزیر اعظم مولانا فضل الرحمن ہوںگے،ہمارے کارکن تھکنے والے نہیں پرعزم ہیں،آج ملک بھر کی اہم شاہراہوں کی بندش سے ملک عملا ًبند ہوچکا ہے،دھرنے جاری اور حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی۔