صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں

69

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، نسل نو کی اسلامی تعلیم و تربیت کے لیے تنظیم اساتذہ جموںوکشمیر مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے، مقبوضہ کشمیر میں جاری جد وجہد میں نوجوان ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہے ہیں اس کے پیچھے اساتذہ کی محنت ہے، نریندر مودی طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، 22 دسمبر کو اسلام آبادمیں تاریخی آزادی کشمیر مارچ میں شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم اساتذہ جموں کشمیر کی مرکزی مجلس انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تنظیم اساتذہ کے انتخابات بھی ہوئے پروفیسر آصف عباسی تنظیم اساتذہ جموں وکشمیر کے صد راور سلیم اعوان مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا اساتذہ کرام نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کی اس جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہا ہے کرفیو کو 106 دن بیت چکے ہیں، حکومت پاکستان کی طرف سے مؤثر عملی اقدامات کا فقدان مقبوضہ کشمیر میں مایوسی کا باعث بن رہا ہے، حکومت پاکستان فوری طور پر کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر سے بے وفائی کرنے والوں کو اسلام آباد کی کرسی پر برا جمان نہیں رہنے دے گی ،پاکستان کے عوام اور اہل کشمیر مل کر کوشش کریں گے کہ اسلام آباد کے حکمران جاگ جائیں، اہل کشمیر کو ریاست پاکستان اور پاکستانی عوام سے کوئی گلہ نہیں البتہ حکمرانوں نے کماحقہ کردار ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے آزادی کی منزل طویل ہوئی،کشمیر یوں نے آزادی کیلیے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے، ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو ٹوپی دار بندوقوں سے شکست دی ہے آج ہم ایٹمی ہتھیار وں سے لیس ہیں، شکست مودی کا مقدر اور فتح کشمیریوں کی منزل ہے۔ اس موقع پر پروفیسر آصف عباسی ، پروفیسر ریاض چودھری، ڈاکٹر ظہور احمد سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔