عمران خان کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دیں ‘ عبدالرشید ترابی

67

دھیرکوٹ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیر ی قیادت کو اعتماد میں لے کر کشمیر کی آزادی کی آزادی کا روڈ میپ دیں ،مظفرآباد آمد کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے واپسی پر کشمیری قیادت سے مشاورت کر کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے وہ مشاورت تا حال نہیں ہوئی ،وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو تمام پارٹیوں نے مینڈیٹ دیا تھا کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس بلا کر قوم کے لیے اجتماعی لائحہ عمل کا اعلان کریں ،عالمی سطح پر سفارتی سرگرمی کا نہ ہونے کی وجہ سے شکوک وشہبات اور بے اعتمادی کا ماحول پیدا ہورہا ہے جو مسئلہ کشمیر کے لیے خطرے ناک ثابت ہوسکتا ہے ،بھارت مقبوضہ ریاست میں من پسند آلہ کار کی تلاش میں ہے کرفیو اور دبائو کے باوجود ابھی تک وہ اپنے ایجنٹ تلاش کرنے میں ناکام ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے، مودی کے استعماری ہتھکنڈوں کے باوجود وہ استقامت دکھارہے ہیں جو لائق تحسین ہے ، بیس کیمپ کی قیادت عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے اجتماعی لائحہ عمل قوم کو دیں تا کہ اس نازک اورفیصلہ کن مرحلے پر بیس کیمپ کی قیادت بھرپور کردار ادا کرسکے۔انہوں نے کہاکہ ریاست پاکستان اور پاکستانی قوم کی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ وابستگی اور قربانیاں تحریک کے لیے اثاثہ ہیں ،موجودہ حکمرانوں کو بھی اپنی ذمے داریوں کا احساس کرنا چاہیے پاکستان کے اندر داخلی انتشار اور باہمی چیقلش کے ماحول کو ختم کرتے ہوئے پوری قوم کو آزادی کے لیے یکسو کریں۔ عبدالرشید ترابی