حکومت کے تمام دعوے دھوکا ثابت ہوئے، حافظ نصراللہ عزیز

68

سکھر (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے،پی ٹی آئی قیادت نے مہنگائی سمیت اپنے ظالمانہ اقدامات سے عوام سے چیخیں نکالنے کا وعدہ پورا کرکے دکھایا۔عام آدمی کو ریلیف دینے سے لے کرمہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے حکومت کے تمام دعوے دھوکا ثابت ہوئے۔انسانیت کو چین وسکون اوردنیا کو امن صرف نظام مصطفی ؐسے ہی مل سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن مدنی مسجد نیو یارڈ روہڑی میں منعقدہ جلسہ سیرت النبیؐ و تقریب تکمیل قرآن سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔امیرضلع سکھرمولانا حزب اللہ جکھرو،مہتمم مولانا سلطان احمد لاشاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نصراللہ عزیز نے مزید کہا کہ پوری دنیا عالمی سامراج کے شکنجے میں ہے مسلم حکمران بھی سامراج کے سامنے سجدہ ریزہیں۔ نجات کا واحد راستہ رحمۃ اللعالمین ؐکے بابرکت نظام میں ہے۔