کشیر کی آزادی کیلیے آخری سانس تک لڑیں گے ،ڈاکٹرخالد محمود

79

باغ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری سانس تک لڑتے رہیں گے ،متحدہ پونچھ کے عوام نے 1947ء میں آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اب اس کردار کو ایک بار پھر بحال کرنے کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی نے ملک بھر میں تاریخ ساز کشمیر بچائو مارچ کر کے حکمرانوں کو متوجہ کیا لیکن حکمران طبقے کی خاموشی نے اسلام آباد کا رخ کرنے پر مجبور کیا ،22دسمبر کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام تاریخی مارچ میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے ،جماعت اسلامی کے کارکن دعوتی مہم بھرپور انداز سے چلائیں اس مہم کے دوران اہل کشمیر کو کشمیر کی آزادی کے لیے اسلام آباد مارچ میں شرکت کی بھی دعوت دیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع باغ کے اراکین جنرل کونسل کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جے آئی یوتھ آزادکشمیر کے صدر نثار احمد شائق ،امیر جماعت اسلامی ضلع باغ تنویر انور خان،ظہیر گردیزی سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچانے کی تحریک ہے اس کا کارکن ہونا اعزاز کی بات ہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس کام کے لیے چنا ہے ،یہ کام عظمت والا کام ہے انبیاؑ کا کام ہے اللہ کی مخلوق اللہ کے دین کی دعوت کی پیاسی ہے عوا م تک اللہ کا پیغام پہنچائیں خود بھی قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوں مخلوق خداکو بھی اس طرف بلائیں روزانہ قرآن کا مطالعہ کریں نماز قائم کریں دعوت کاآغاز اپنی ذات اور گھر سے کریں عوامی مسائل کے ترجمان بنیں جماعت اسلامی ہی خطے کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور نظام کی اصلاح ہماری اولین ترجیح ہے جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں آزادی اور فتح تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔