برسبین ٹیسٹ : آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دیدی

115

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین  پہلے ٹیسٹ میچ میں کینگروز نے قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دیدی۔

برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو شان مسعود 27 اور بابراعظم 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، شان مسعود زیادہ دیر تک  وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور اپنے اسکور میں 15 رنز کے اضافے کے بعد 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد بھی صرف چار گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے واپس پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی 5 وکٹیں گرنے کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کر تے ہوئے  132 رنز کی شراکت داری  قائم کی۔ اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری بھی مکمل کی، وہ 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان  نے بھی 95 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ یاسر شاہ نے بھی اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا سب سے زیادہ 42 اسکور کیا۔ شاہین شاہ آفریدی 10 اور عمران خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے 4، مچل اسٹارک نے 3 اور پیٹ کمنز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ ناتھن لیون کے حصے میں آئی۔

آسٹریلوی  بلے باز مارنس لبوشین کو  185 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح  رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز اسکور کیے تھے جبکہ آسٹریلیا نے  اپنی پہلی اننگز میں 580 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر  کر دی،  اور اس طرح آسٹریلیا کو قومی ٹیم پر 340 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔