ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ناروے میں قرآن کی بےحرمتی کو روکنے والے مجاہد کو رہا کیا جائے اور قرآن کی بےحرمتی کرنے والے شخص کو سزا دی جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناروے کے واقعے کی پُر زور مذمت کرتا ہوں، اس واقعے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اپنے سفیر کو بھی کہا ہے کے وہ اس معاملے پر ناروے حکومت سے بات کریں۔
شاہ محمود قریشی نے سی پیک منصوبے پر امریکی خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک گیم چینجر اور معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے، سی پیک کے منصوبے جاری رہیں گے، امریکی نائب وزیر خارجہ کے سی پیک سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت تھی، ہے اور رہے گی، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر سیاسی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے، داخلی سیاسی صورت حال کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر میڈیا کی توجہ اٹھ گئی تھی، مقبوضہ وادی میں آج کرفیو کو 112 دن گزر گئے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سیل کے اگلے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
صحافی کی جانب سے پو چھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت پر وزیراعظم کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو راولپنڈی اس لیے شفٹ کیا کیونکہ سندھ حکومت نیب سے تعاون نہیں کر رہی تھی۔