بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتوں کا پہیہ جام ہوگا ،راناطہٰ

100

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانورنے کہا ہے کہ حکومت نے ایک ماہ میں 4 مرتبہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی بم گرایا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتوں کا پہیہ جام اور مہنگائی و بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا جو قابل مذمت ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عام آدمی پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنا حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نتیجہ ہے۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ایک سال سے مسلسل مہنگائی ، پیٹرول اور بجلی کے جھٹکے دے رہی ہے۔ ملکی معیشت پہلے ہی حالت نزغ میں ہے ایسے میں بجلی کی قیمت میں اضافہ ملکی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کریگاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرکے آئی ایم ایف کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مہنگائی کے ذریعے ان کا خون نچوڑ رہی ہے۔ سابقہ حکومتوں کی نسبت موجودہ پی ٹی آئی سرکار نے مہنگائی آسمانوں پر پہنچا دی ہے، آٹا، چینی دالیں، پھل، سبزیاں غربیوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ غریب اور سفید پوش عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جہاں مہنگائی کا طوفان برپا ہے وہاں شہر بھر میں گراں فروشی عروج پر ہے اور ناجائز منافع خور بھی دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ضلعی انتظامیہ بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔