ضلع نصیر آباد ‘ملزمان کی گھرمیںگھس کر فائرنگ ، 2 بھائی جاںبحق

43

کوئٹہ( نمائندہ جسارت)ضلع نصیر آباد میں ملزمان نے گھر میںگھس کر فائرنگ کردی جس سے 2 بھائی جاںبحق ہوگئے‘ سبی میں نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار کو قتل کر دیا۔ دکی میں مغوی کی لاش برآمد ہوئی جبکہ ایک شخص کو اغوا کرلیا گیا‘ ضلع مستونگ میں ایل پی جی گیس ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اُلٹ گیا جس سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو ضلع نصیر آباد میں فائرنگ کرکے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات اوستہ محمد کے گائوں عبدالصمد میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس فائرنگ کردی جس سے 2 بھائی جاں بحق جبکہ 7 سالہ صائمہ زخمی ہو گئی۔ ورثا اور اہل علاقہ نے لاشیں پٹ فیڈرکینال قومی شاہراہ پررکھ کر احتجاج کیا‘ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ظفر بلوچ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے قومی شاہراہ کو کھول دیا۔ضلع مستونگ کے علاقے شیخ واصل کے قریب ایل پی جی گیس ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اُلٹ گیا ، حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ضلع سبی میں چورنگی قومی شاہراہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔ ادھر ضلع دکی کے علاقے تالاب سے ایک شخص کو اغوا کر لیا گیا ۔ لیویز کے مطابق مغوی نوجوان کا نام وزیر ولد نیاز محمد اس کا تعلق مری قبیلے کی شاخ پوادی مری سے ہے ۔ دکی کے علاقے رباط میں ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے نوجوان کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 19 سالہ نوجوان عبدالعزیز کو قتل کرکے دفنا دیا تھا۔