معیاری تعلیم کے بغیر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا

53

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن بلال حسن ہاشمی،جنرل سیکرٹری برادر حسیب خالد نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے بغیر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا۔ تعلیم کو عام کرکے غربت، مہنگائی اور معاشی بحرانوں سمیت دیگر مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔بلال حسن ہاشمی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم کو مفت اور عام کرنے کے بجائے غریب بچوں تعلیم تک رسائی انتہائی مشکل بنا دی ہے۔ تعلیمی بجٹ میں کمی حکمرانوں کی تعلیم کے حوالے سے سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔ تعلیم مہنگی ہونے سے غریب طلبہ کیلیے مشکلات پیدا ہورہی ہیں جس کے سدباب کے لیے حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کے لیے ترقی کی ضامن ہے۔تعلیم ہی قوموں کی ترقی اور زوال کی وجہ بنتی ہے۔ تعلیم انسان کو اپنی معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال کرنا سیکھاتی ہے۔ تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کا کردار سنوارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی اداروں میں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور دینی تعلیم بھی بے حد ضروری ہوچکی ہے۔ معاشرے میں بڑھتی فحاشی اور لبرازم کا راستہ روکنے کیلیے دنیاوی تعلیم کے ساتھ اخلاقی اور دینی تعلیم وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔ اخلاقی اور دینی تعلیم انسان کو انسانیت اور اللہ کے قریب کرتی ہے۔ زندگی میں خدا پرستی، عبادت، محبت و خلوص،ایثار، خدمت خلق،وفاداری اور ہمدردی کے جذبات بیدار کرتی ہے۔