شہباز شریف کا وزیر اعظم عمران خان  کو خط، چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نام بھجوادیے

102

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو  بذریعہ  خط نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے تین نام بھجوا دیے ہیں۔

شہباز شریف نے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام وزیراعظم کو بھجوا دئیے۔

قائد حزب اختلاف نے اپنے خط میں کہا  کہ میری دانست میں یہ ممتاز شخصیات اس منصب کے لئے نہایت مناسب اور اہل ہیں، امید ہے ان افراد کی اہلیت کی آپ پذیرائی کریں گے۔

 خط  کے متن میں کہا گیا  ہے کہ ہمیں عدالتی حکم کا پورا احترام ہے، متعلقہ آئینی شقوں کو پورا کرنا لازم ہے، آرٹیکل 213 ( 2 )اے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرے، آئین کے تحت آپ کو مشاورت کا یہ عمل بہت پہلے شروع کرنا چاہئے تھا، الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچانے کیلئے مشاورت کر رہا ہوں۔

انہوں نے سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام جبکہ بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، محمد روف عطاء اور راحیلہ درانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے  خط چئیرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے 5 نومبر کے مراسلے کے جواب میں لکھا، خط میں سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے 3، 3 نام بھی تحریر ہیں۔