منشیات فروشوں کو سزا کیلیے قانون سازی کر رہے ہیں، شہریار آفریدی

43

راولپنڈی (آن لائن) وزیر مملکت برائے سیفران و اینٹی نارکوٹکس شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے، منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو کڑی سزا دینے کیلیے قانون سازی بھی کی جار ہی ہے، طلبہ کو منشیات سے بچانے کیلیے زندگی ایپ متعارف کرائی جا رہی ہے، سینتھٹک ڈرگز کی روک تھام کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور ائرپورٹس، کسٹمز اور سمندری حدود میں مانیٹرنگ کا جدید نظام لایا جا رہا ہے تاکہ اسمگلنگ کا خاتمہ ہوسکے، ملک بھر کے اسپتالوں میں نشے میں مبتلا افراد کے علاج کیلیے بحالی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، تاجر برادری حکومت کا ہاتھ بٹائے۔ چیمبر کی سطح پر رابطہ کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ فعال انداز میں معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستان کا امیج بہتر بنانے کیلیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔