وزیر اعظم آزاد کشمیر نے طلبہ یونین کے انتخابات کا اعلان کردیا

73

مظفرآباد (صباح نیوز ) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر بھر میں طلبہ یونین کے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیلی ویژن پر دیکھا طلبہ و طالبات یونین کے احیا اور انتخابات کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے تھے ،آج مجھے اس بات پر فخر ہے ن لیگ کی حکومت نے آزادکشمیر میں طلبہ یونین پہلے سے بحال کر رکھی ہیں ہم نے پہل کر دی ہے ،طلبہ یونینز کے انتخابات کا اعلان کرتا ہوں نظریاتی سیاست کی طرف ایک اور اہم قدم اٹھا دیا ہے۔ تمام یونیورسٹیوں ،کالجز اور پروفیشنل کالجز کو حکم دے دیا ہے کہ وہ ایک ضابطہ اخلاق بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نظریاتی سیاست فروغ نہیں پائے گی ہمارے ملک کی سیاست میں ترقی نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا آج ملک کو قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے حامل لوگوں کی ضرورت ہے ملک کو لیاقت علی خان ،حسین شہید سہروردی ،محترمہ فاطمہ جناح ،سردار عبدالرب نشتر ،خواجہ ناظم الدین جیسے قائدین کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا یہ جو بلدیاتی الیکشن کے بعد پھر صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں جو لیڈر آتے ہیں ان کی سوچ و فکر اور طرح کی ہوتی ہے اس وقت قوم کو جو لیڈر شپ چاہیے وہ حضرت علامہ اقبال کے نظریات کی حامل ہونی چاہیے۔