حیدرآباد :ایپکا سندھ کا مطالباتے کی عدم منظوری پر تحریک چلانے کا اعلان

71

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایپکا سندھ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سندھ کے تمام ملازمین کو ٹائم اسکیل دیا جائے، بصورت دیگر جلد احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔ یہ مطالبہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا سندھ کے صوبائی پریس سیکرٹری شاہد سومرو، سید منور علی شاہ جاوید، سکندر علی، منور سہتو نے حیدر آباد ٹریژری کے دفتر میں مختلف یونٹس کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو سیکرٹریٹ حیدر آباد کے درجہ چہارم کے ملازمین اور جونیئر کلرک کے چھے سال جبکہ جیکب آباد ضلعی تعلیم کے جونیئر کلرک، سینئر کلرک، اسسٹنٹ کی پوسٹوں پر آٹھ سال سے پروموشن سے مکمل طور پر محروم ہیں۔ محکموں میں ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نئی بھرتیاں کرنے سے قبل ملازمین کے پروموشن نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پہلے ملازمین کے پروموشن کرے بعد میں بچنے والی پوسٹوں پر بھرتی کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سندھ اور سیکرٹری تعلیم سندھ ملازمین کے پروموشن فوری طور کریں ورنہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کہا کہ ایپکا ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو نو سال گزر چکے ہیں لیکن سندھ کے تمام ملازمین کو ٹائم اسکیل نہیں دیا گیا، جس کیخلاف ایپکا جلد احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔