اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب احتساب سب کے لیے پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہے۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ 25 ماہ میں 73 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔
جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ 25 ماہ میں 630 مقدمات میں بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائرکیے ہیں اور اس وقت 910 ارب روپے کے 1270 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لیے پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہے، میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
چیئر مین نیب نے کہا کہ نیب کی کارکردگی کو قومی وعالمی اداروں نے سراہا ہے جو ہمارے لئے بڑا اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کاروباری افراد کی ملک وقوم کے لیے خدمات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چیئر مین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران بدعنوانی کے مختلف ریفرنسز، انکوائریز اور انوسٹی گیشنز کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رکن و قومی اسمبلی کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ہے، نیب رانا ثنا اللہ کے اثاثوں کی تحقیقات بھی کرے گا۔