بلوچستان کو سی پیک سے مستفید ہونے کا موقع دیاجائے، عبدالحق ہاشمی

62

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے گوادر ، کوئٹہ ژوب ،ڈیرہ غازی خان لائن پر موٹروے بنائی جائے تاکہ ترقی وخوشحالی کی راہ ہموار ہوجائے۔ بلوچستان کو سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے۔وفاق بلوچستان میں کرپشن ختم کرنے اورترقی دینے کے لیے عملی اقدامات کرے ۔بیوروکریسی سمیت ہر سطح پر احتساب اور شفافیت کی ضرورت ہے۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو فی الفور2رویہ کیا جائے۔بدعنوان حکمران بدترین مہنگائی کے ذریعے غریب ،کم آمدنی والے عوام کے منہ سے نوالہ چھینناچاہتے ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت واپوزیشن نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف اعلانات ،بلند بانگ دعوئوں سے مسائل حل نہیں ہوتے ، احتساب کے ذریعے سب لٹیروں سے قومی دولت برآمد کی جائے بدقسمتی سے موجودہ حکومت نہ لوٹی ہوئی دولت برآمدکر رہی ہے نہ کسی لٹیرے کو سزادے رہی ہے صرف چند افراد یا خاندان کوٹارگٹ بنا کر منصفانہ احتساب نہیں کیا جاسکتا۔ جماعت اسلامی کے ارکان وذمے داران ملکر ملک سے جہالت بے دینی فحاشی وعریانی ، دھوکا دہی اور کرپشن ختم کرنے کے لیے عوام کو یکجا ومتحداورمنظم کریں،نیک وصالح اور دیانت دار لوگوں کی کمی نہیں صرف انہیں منظم ، یکجا اور متحد کرنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی مظلوم ،دیانت داراور صالح لوگوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ۔