بلوچستان کو پھر بندوق کی نوک پر کھڑا کردیا گیا‘ اختر مینگل

68

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کو آج پھر بندوق کی نوک پر کھڑا کردیاگیا ہے‘ بزور طاقت غداری یا وفاداری کے سرٹیفکیٹ نہیں تھمائے جاسکتے‘ جب تک بلوچستان کے لوگوں کو مساوی حقوق نہیں دیے جاتے‘ بہتری کا تصور محض ایک خواب ہے‘ آواران واقعہ حکومت کے لیے باعث ندا مت ہے‘ بے گناہ خواتین کی رہائی تک روزانہ ایوان میں احتجاج کریںگے۔ جمعے کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کیمعاملے پرہم سے پوچھا تک نہیں جارہا ہے‘ الیکشن کمیشن کمیٹی نے بلوچستان سے کسی کو نہیں لیا ہے‘ پہلے نوجوان لاپتا ہوتے تھے‘ اب خواتین کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے‘ آواران کا واقعہ ہوا ہے اس کے ہم بھی جوابدہ ہیں کیونکہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں ‘ 29 نومبر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خواتین کو گھروں سے اٹھایا‘ان میں ایک وہ خاتون بھی ہے جس کو آج سے 6 مہینے پہلے اٹھایا گیا تھا جب نیوی اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا اور میں نے اسمبلی کے اجلاس میں اس مسئلے کو اٹھایا تھا جس کے 2 دن بعد اس کو رہا کر دیا گیا تھا‘ جب تک بے گناہ خواتین کو رہا نہیں کیا جاتا تب تک اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کرتے رہیںگے ۔