مہندم تجاوزات دوبارہ قائم،قابضین کا فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پر قبضہ

65

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گزشتہ دنوں منہدم کی گئی تجاوزات ایک روز بعد ہی دوربارہ قائم، قابضین نے پھر فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پر قبضہ کرلیا، جمعہ کے روز بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز صدیقی کی سرکردگی میں لطیف آباد نمبر 8 کی کلاتھ مارکیٹ اور اطراف کے بازاروں پر بڑا انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں دکانوں کی حدود سے باہر تجاوزات کو ختم کرایا گیا ہے مگر کارروائی کے بعد اگلے ہی روز بااثر افراد نے ہوٹلوں کے باہر ایک مرتبہ پھر سڑک، فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پر قبضہ کرکے کرسیاں، ٹیبل لگا دیں جبکہ پیدل چلنے والوں کی آمد ورفت کو ایک مرتبہ پھر بند کردیا گیا ہے۔ دوبارہ قبضے پر انتظامیہ کی جانب سے تاحال خاموشی ہے، قابضین کی جانب سے سیاسی دباؤ بھی ڈالا جارہا ہے اور بلدیہ محکمہ ٹیکس کی بدعنوان مافیا بھی سرگرم ہے جبکہ عام اور غریب پتھارے داروں میں آپریشن بے اثر ہونے اور انہیں بے روزگار کرنے پر شدید تشویش اور اشتعال بھی پایا جاتا ہے۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر بااثر افراد کی تجاوزات اور اراضی پر قبضہ ختم کرایا جائے جبکہ بلدیہ کی کالی بھیڑوں کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے، جن کا آپریشن صرف غریبوں تک محدود رہتا ہے۔